بھٹکل 15؍اپریل ( ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا کے بیان کے مطابق پارلیمانی انتخاب کے پیش نظر بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقے کی حتمی ووٹرلسٹ تیار ہوگئی ہے اور اس بار اس میں درج ووٹرس کی تعداد 2,35,440ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے سی ساجد ملا نے بتایاکہ بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقے میں 1,19,741مرد اور1,15,699خواتین کے علاوہ 86دیگر ووٹرس موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع پنچایت سی ای او کی قیادت میں جو’ سویپ‘ پروگرام چلایا جارہا ہے اس کے تحت بھٹکل اسمبلی حلقے میں بھی رائے دہندگان کے اندر بیداری لانے کے لئے مہم چلائی گئی ہے۔اس کی وجہ سے اس مرتبہ بڑی تعداد میں پولنگ ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ایسے ووٹرس جن کا نام ووٹرلسٹ میں موجود ہے ، ان کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے بتائے گئے 11شناختی دستاویزات میں سے کسی ایک شناختی کارڈ کے ساتھ ووٹ ڈالنے کی اجازت حاصل رہے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کے لئے پانچ خصوصی چیک پوسٹ بنائے گئے ہیں جہاں پر آنے اور جانے والی تمام موٹر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔انتخاب کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لئے 25سیکٹر آفیسرزکو تعینات کیا گیا ہے۔ ہر سیکٹر آفیسر کے زیر نگرانی 10تا 15پولنگ بوتھس رہیں گے۔اس اسمبلی حلقے میں ویڈیو نگرانی کرنے والی دو ٹیمیں سرگرم ہیں۔بھٹکل اسمبلی حلقے میں دو ’سکھی‘ اور ایک ’خصوصی‘ پولنگ بوتھ موجود رہیں گے۔پورے حلقے کے تمام پولنگ بوتھس میں بجلی، پانی، بیت الخلاء کے علاوہ معذورین کے لئے خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں۔